پٹنہ: بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے مرکزی وزیر پشوپتی کمار پارس کے ریاست میں حکومت گرنے کے بیان پر طنز کرتے ہوئے آج کہاکہ جو لوگ ایسا کہہ رہے ہیں وہ خوشی منائیں۔ نتیش کمار نے پیر کے روز 'سمادھان یاترا' میں رہتاس ضلع میں مختلف محکموں کی جانب سے چل رہے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق ضلع سطحی جائزہ میٹنگ کے بعد مرکزی وزیر پشوپتی کمار پارس کے بہار حکومت کے گرنے والے بیان پر کہا کہ جو لوگ ایسا کہہ رہے ہیں وہ خوشی منائیں۔ ہم ان سب باتوں پر توجہ نہیں دیتے ہیں۔ ہم ان سب باتوں پر کوئی نوٹس نہیں لیتے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے سہسرام کے لوگوں کے مطالبات کے سوال پر کہا کہ یہاں کے لوگوں کی مانگ زیادہ نہیں ہے، کچھ جگہوں پر پانی آنے سے ہونے والی پریشانی اور ڈرنیج کے سلسلہ میں لوگوں نے اپنی بات کہی ہے۔ لوگوں کے مطالبات نوٹ کر لئے گئے ہیں۔ لوگوں کے مسائل حل ہوں گے، اس کے لیے ہم لوگ گھوم رہے ہیں۔ پہلے کے مقابلے یہاں بہت کام کرایا جا چکا ہے، اگر کوئی کام باقی رہ گیا ہے تو اسے ہم لوگ کرائیں گے۔
وزیراعلیٰ نتیش کمار نے اس سے قبل جائزہ میٹنگ میں متعلقہ محکمہ کے افسران کو ہدایت دی کہ وزیر اعلیٰ کنیا اتھان یوجنا کے فوائد لوگوں تک بروقت پہنچے۔ اس میں تاخیر نہ کریں۔ بچیوں کی پیدائش کے 2 سال مکمل ہونے پر اس بات کو یقینی بنائیں کہ مکمل ویکسینیشن کے بعد دی جانے والی مالی امدادیقینی بنائیں۔ ضرورت پڑنے پر کیمپ لگا کر اس سکیم کے فوائد کو تیز رفتاری سے لوگوں تک پہنچائیں۔ یہ بہت ضروری ہے، اعلیٰ تعلیم کے لیے انٹرمیڈیٹ اور گریجویشن پاس کرنے والی طالبات کودی جانے والی حوصلہ افزارقم کی ادائیگی میںتاخیر نہ کریں۔انٹر پاس غیر شادہ شدہ تمام طالبات کوحوصلہ افزا رقم کافائدہ دینا ہے۔ اس اسکیم سے متعلق موصول ہونے والی تمام درخواستوں کا نپٹارہ جلد از جلد کریں۔
یواین آئی