نوئیڈا کے دس سالہ محمد زید نے دہلی کی جانب سے امرتسر، پنجاب کے زیر اہتمام آل انڈیا روپ اسکیپنگ چیمپئن شپ میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا ہے۔
اس چیمپیئنشپ میں ملک کی درجنوں ریاستی ٹیموں نے حصہ لیا تھا۔ جس میں ساؤتھ کی ٹیم نے کامیابی حاصل کی، جبکہ دہلی کی ٹیم دوسرے مقام پر رہی۔ یہ مقابلہ انڈر 14 کیٹیگری کا تھا، جبکہ زید کی عمر محض 10 برس ہے۔
اس سے قبل جونیئر چیمپ محمد زید نے دہلی میں آل انڈیا انٹرنیشنل روپ اسکیپنگ چیمپینشپ 2018 میں فری اسٹائل میں چاندی اور 2019 میں سونے کا تمغہ حاصل کیا تھا۔
زید ایورگرین پبلک اسکول وسندھارا دہلی کی چوتھی کلاس کے طالب علم ہیں۔ محمد زید نوئیڈا کے سیکٹر 56 میں رہتے ہیں۔
زید کا کہنا ہے کہ انہیں خوشی ہے کہ دو بار نیشنل چیمپیئن شپ میں کھیلنے کا موقع ملا، اور دونوں بار چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔
زید کا مزید کہنا ہے کہ روپ اسکیپنگ کھیلوں میں بہت زیادہ محنت کی ضرورت ہوتی ہے۔ لیکن کھیلوں کے ساتھ، تعلیم میں بھی پوری توجہ کی ضرورت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ روزانہ سخت محنت سے روپ اسکیپنگ کی مشق کرتے ہیں۔ 2020 کے انٹرنیشنل روپ اسکیپنگ چیمپینشپ میں انہیں منتخب کیا گیا ہے، جہاں وہ بھارت کی نمائندگی کریں گے۔
ان کا کہنا ہےکہ اسکول اور اہل خانہ کی جانب سے انہیں مکمل تعاون حاصل ہے۔کوچ پوجا تیواری بھی پوری ٹیم کو تیار کرنے کے لیے سخت محنت کرتی ہیں۔