مرکزی وزیر قانون اور بہار کے پٹنہ صاحب لوک سبھا حلقہ سے بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی) کے امیدوار روی شنکر پرساد نے آج دعویٰ کیا کہ ان کی اس سیٹ سے جیت یقینی ہے اور اس بار کی جیت تاریخ ساز ہوگی۔
مسٹر پرساد نے پٹنہ صاحب لوک سبھا سیٹ سے امیدوار بنائے جانے کے بعد پہلی بار یہاں کے جے پرکاش نارائن ہوائی اڈہ پہنچنے پر خیر مقدم کیلئے بڑی تعداد میں آئے حامیوں کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ انتخاب ضرور جیتیں گے۔ بہار میں قومی جمہوری اتحاد ( این ڈی اے ) کی تاریخی جیت ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی تاریخی اکثریت کے ساتھ پھر سے وزیر اعظم بنیں گے ۔
اسی دوران پٹنہ صاحب سیٹ سے ٹکٹ کے مضبوط دعویدار مانے جانے والے پارٹی کے راجیہ سبھا کے رکن آر کے سنہا کو امیدوار نہیں بنائے جانے سے ناراض ان کے حامیوں نے روی شنکر پرساد کے خلاف جم کر نعرے بازی کی اور انہیں کالا جھنڈا دکھایا۔ اتنا ہی نہیں سنہا اور روی شنکر پرساد کے حامیوں کے مابین جھڑپ بھی ہوگئی ۔ فوراً سیکوریٹی عملوں نے بیچ بچاﺅ کر معاملے کو رفع دفع کیا ۔
اس کے بعد روی شنکر پرساد سیدھے بی جے پی ریاستی صدر دفتر پہنچے جہاں ان کا پرجوش خیر مقدم کیا گیا۔