مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا میں ایک بار پھر آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا۔ کالی گھاٹ علاقے میں دو منزلہ عمارت میں بھیانک آگ لگ گئی جس میں ایک ضعیف خاتون کی موت ہو گئی جبکہ ان کا بھتیجہ شدید طور پر زخمی ہو گیا۔
آتشزدگی کے اس واقعے کے بعد علاقے میں افراتفری مچ گئی۔ چار فائر بریگیڈ گاڑیوں کی مدد سے کئی گھنٹوں کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا جاسکا۔ عملہ کھڑکی توڑ کر مکان میں داخل ہوئے۔ آگ کی لیپٹوں اور دھویں سے بھرے مکان ایک ضعیف خاتون اور ایک شخص کو بری طرح جھلسی ہوئی حالت میں باہر نکالا گیا۔
دونوں کو شدید جھلسی حالت میں ہسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں 74 برس ضعیف خاتون کی موت ہوگئی جبکہ 35 برس کے شخص کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ فائر بریگیڈ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ اب تک معلوم نہیں ہوسکی ہے۔
تفتیش جاری ہے قیاس آرائی کی جارہی ہے کہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگی ہوگی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پورے معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے لیکن اب تک اس معاملے میں کوئی ٹھوس معلومات نہیں مل سکی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ پڑوسیوں سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
ٹھوس معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ ایک مہینے کے دوران کولکاتا اور اس کے اطراف میں متعدد مرتبہ آتشزدگی میں نصف درجن لوگوں کی موت ہو چکی ہے جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔