بھارتی ریاست اتر پردیش کے اُناؤ کی آبروریزی متاثرہ کی صفدر جنگ ہسپتال میں موت ہوگئی ہے۔
6 دسمبر رات 11:40 پر متاثرہ نے دہلی کے صفدرجنگ ہسپتال میں دم توڑ دیا۔ ڈاکٹر شالاب کمار نے بتایا کہ 'متاثرہ کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔'
اس سلسلے میں پولیس نے پانچوں ملزمین کو پہلے ہی گرفتا کیا ہے جن کی شناخت شُبھم، شیوم، ہری شنکر، اُمیش اور رام کشور کے طور پر کی گئی ہے۔ ملزمین نے متاثرہ پرگاؤں کے قریب مٹی کا تیل چھڑک کر جلایا تھا۔
واضح رہے کہ اناؤ اجتماعی جنسی زیادتی کی شکار متاثرہ کو علاج کے لیے دہلی کے صفدرجنگ اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں کی رپورٹ کے بعد متاثرہ کوعلاج کے لیے لکھنؤ سے ہوائی جہاز کے ذریعہ دہلی لایا گیا تھا۔
اتر پردیش کے ضلع اناؤ کے بہار پولیس اسٹیشن کے علاقے میں جنسی زیادتی کے ملزم نے ضمانت پررہائی کے بعد گذشتہ دنوں متاثرہ کو آگ لگاکر زندہ جلانے کی کوشش کی، جس میں متاثرہ 80 سے 90 فیصد تک جھلس گئی تھی بلاآخر رات کے وقت متاثرہ زندگی کی جنگ ہار گئی۔