مرکزی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف آج ملک بھر میں ٹریڈ یونینوں کی جانب سے ملک گیر ہڑتال کی کال دی گئی ہے، جس کا اثر بہار میں بھی دیکھنے کو ملا, پٹنہ کے مسوڑھی میں مظاہرین نے پلامو ایکسپریس اور جن شتابدی ایکسپریس کو روک کر احتجاج کیا۔
مسوڑھی کے تریگنا ریلوے اسٹیشن پر مشتعل افراد نے ٹرین کو گھنٹوں روک دیا اور احتجاج کرنے لگے، مظاہرین 15 نکاتی مطالبات کو لے کر آج صبح سے سڑکوں پر مظاہرہ کر رہے ہیں۔
مشتعل مظاہرین کا کہنا تھا کہ 'وہ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مساوی کام کے لیے مساوی تنخواہ پر عملدرآمد کیا جائے، لازمی طور پر ریٹائرمنٹ کے احکامات کو منسوخ کیا جائے، این پی ایس کو ہٹایا جائے اور فٹ پاتھ کے دکانداروں کو عارضی سرکاری دکان کی فراہمی کا بندوبست کیا جائے، ان کا کہنا ہے کہ 'ہمارا مطالبہ ہے کہ روزگار کی ضمانت دی جائے، افراط زر کو روکا جائے، لیبر قوانین میں مزدور مخالف ترمیم کو تبدیل کیا جائے۔'
ضلع مسوڑھی اے سی یو یو کے ضلع سیکریٹری کملیش کمار نے کہا کہ 'وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت نے کسان، مزدور اور طلباء کے مخالف پالیسیز لاگو کیے ہیں، نریندر مودی نے کہا تھا کہ ہم کورونا کے چیلنج کو مواقع میں بدلیں گے، انہوں نے اسے کمپنی کے مالکان اور سرمایہ داروں کے لیے موقع میں بدل دیا۔ آٹھ گھنٹے کام کی میعاد میں اضافہ کر کے 12 گھنٹے کر دیا، 50 برس کی عمر میں ہی لوگوں کو ریٹائر کر دیا جائے گا، ملک کی جائیداد فروخت ہورہی ہے، ہم اس کے خلاف احتجاج کرنے سڑک پر آئے ہیں۔'