سیلاب کی وجہ سے 19 ہزار افراد کو ریلیف کیمپس میں منتقل کیا گیا۔ دوسری جانب حکام راحت کاری کے اقدامات کو انجام دینے میں مصروف ہیں۔
حکام کے مطابق سیلابی صورتحال قابو میں ہے، مگر دریائے گوداوری کا پانی خطرہ کے نشان سےاوپر چل رہا ہے۔
آندھراپردیش ڈساسٹر مینجمینٹ اتھاریٹی کے مطابق420 گاوں سیلاب کا شکار ہیں،اس سے تقریباً سوا لاکھ لوگ متاثر ہیں۔ جبکہ 19 ہزار افراد کا انخلا ہوچکاہے۔
راحت کاری عملہ ریلیف کیمپس میں کھانے کی اشیا جیسے چاول ،دال، تیل اور کیروسین فراہم کررہا ہے۔
اس ضمن میں وزیر اعلی اندھراپردیش نے محکمہ صحت کو ہدایت دی ہیکہ متاثرین کو بیماریوں سے بچنے کے لیے احتیاطی طبی اقدامات کرے۔
دوسری جانب تلنگانہ کے کالیشورم میں واقع ندی کا پانی پہلی سطح سے اوپر چل رہا ہے جبکہ بھدراچلم ندی کی سطح میں بھی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔