ملک کی سب سے بڑی تیل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کی ویب سائٹ سے ملنے والی معلومات کے مطابق قومی دارالحکومت دہلی میں آج پیٹرول کی قیمت 25 پیسے بڑھ کر چار اگست کے بعد کی سب سے اونچی سطح 72.42 روپے فی لیٹر پہنچ گئی ہے۔
یہ چھ جولائی کے بعد کی سب سے بڑی تیزی ہے، جب ٹیکس میں دو روپے کے اضافہ کی وجہ سے دام اچانک بڑھ گئے تھے۔ ٹیکس میں تبدیلی کو چھوڑ دیا جائے تو اس سال 15 جنوری کے بعد یہ سب سے بڑا اضافہ ہے۔
دہلی میں ڈیزل کی قیمت 24 پیسے بڑھ کر 65.82 روپے فی لیٹر ہو گئی جو آٹھ اگست کے بعد اعلی ترین سطح ہے۔ ٹیکس کی رقم کے علاوہ یہ 22 جنوری کے بعد کی سب سے بڑی تیز ی ہے۔
گزشتہ دو دن میں قومی دارالحکومت میں پٹرول ڈیزل 39-39 پیسے مہنگا ہوا ہے۔ تیل مارکیٹنگ کمپنیاں گزشتہ 15 دن کے اوسط کی بنیاد پر ان کے دام طے کرتی ہیں اور اس لیے ابھی کچھ دن اور قیمتوں میں تیزی جاری رہ سکتی ہے۔
کولکاتا میں بھی پٹرول 25 پیسے اور ڈیزل 24 پیسے مہنگا ہوا اور بالترتیب 75.14 روپے اور 68.23 روپے فی لیٹر فروخت ہورہا ہے۔
ممبئی میں پٹرول 25 پیسے مہنگا ہوکر 78.10 روپے اور ڈیزل 26 پیسے مہنگا ہوکر 69.04 روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا۔ چینئی میں پٹرول کی قیمت 27 پیسے اور ڈیزل کی 26 پیسے اضافہ ہوا اور یہ 75.26 روپے اور 69.57 روپے فی لیٹر کی قیمت پر پہنچ گئے۔