ملک میں کورونا وائرس کی وبا اپنے شباب پر ہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں میں متاثرین کے 19 ہزار سے زیادہ نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس سے متاثرہ افراد کی تعداد ساڑھے پانچ لاکھ تک جا پہنچی ہے۔
مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کی تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 5،48،318 تک پہنچ گئی ہے جس میں کورونا وائرس کے 19،459 نئے کیسز بھی شامل ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس وبا سے 380 افراد ہلاک بھی ہوچکے ہیں، جس سے ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد بڑھ کر 16،475 ہوگئی ہے۔
دوسری طرف اس بیماری سے شفایابی حاصل کرنے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے اور اسی عرصہ میں 12،010 مریضوں کے صحت مند ہونے کے ساتھ ہی مجموعی تعداد 3،21،723 ہوگئی۔ تاہم اس وقت ملک میں کورونا وائرس کے 2،10،120 فعال کیسز بھی ہیں۔
ملک میں ریاست مہاراشٹر کورونا وائرس کی وبا سے سب سے زیادہ متاثر ریاست ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں متاثرین کے 5493 کیسز اور 156 اموات درج کی گئ ہے۔
اس کے ساتھ ہی ریاست میں متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 1،64،626 اور ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر 7429 ہوگئی ہے اور ریاست میں 86،575 شفایاب بھی ہوئے ہیں۔