تاجروں کی تنظیم رامپور ادھیوگ ویاپار پرمنڈل نے ضلع کے افسران کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر مذہبی رہنماؤں اور افسران نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
گذشتہ دنوں سپریم کورٹ کے آئے بابری مسجد سے متعلق فیصلے کو لے کر ضلع میں نظم و نسق کو بہتر بنانے میں ضلع انتظامیہ کے کردار کی ستائش کی گئی۔
آپسی محبت اور بھائی چارے کی فضا کو مضبوط کرنے کے مقصد سے منعقدہ اس تقریب میں مذہبی رہنماؤں کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔
شہر کے معروف عالم دین مولانا مفتی محبوب علی نے کہا کہ فرقہ واریت کے خاتمے کے لئے ہم سب کو ساتھ مل کر چلنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب ایک انسان کی اولاد ہیں، اس ناتے سے ہم بھائی بھائی ہیں۔
ایڈیشنل ایس پی ارون کمار نے پولیس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'رامپور میں ہمارے پولیس افسران پوری مستعدی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 'اگر چیکنگ وغیرہ جیسے مسائل کو لیکر ہمارے دروغہ کی شکایتیں موصول ہو رہی ہیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ دروغہ متحرک ہیں پولیس اسٹیشن میں بیٹھ کر وقت نہیں گزار رہے ہیں'۔
اس موقع پر ایس پی ڈاکٹر اجئے پال شرما نے تاجروں کے اس قسم کی تقریب کرنے کے لئے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے وقتا فوقتا اس قسم کی تقریبات کا اہتمام ہوتا رہے جس سے ایک دوسرے کو سمجھنے میں مدد ملے اور اعتماد کا ماحول قائم ہو۔
ضلع مجسٹریٹ آنجنئے کمار سنگھ نے اپنے خطاب میں ضلع کو بہترین ضلع بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے بازاروں میں صاف صفائی اور سکیورٹی کو بہتر بنانے کی بھی بات کہی۔
مزید پڑھیں : مالیگاؤں: ناجائز تجاوزات کے خلاف مہم
وہیں اس موقع پر رامپور کے ایک معروف عالم دین مولانا انصار رضا نے کہا کہ آپسی بھائی چارے کو قائم رکھنے میں سب سے زیادہ ذمہ داری تاجروں کی ہی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ جیسے لوگوں کے ساتھ ڈیل کریں گے وہی آپ کی تصویر مخاطب کے دل میں محٖوظ رہے گی۔
آخر میں ضلع ویاپار منڈل کے مہامنتری شاہد شمسی نے تمام افسران اور مذہبی رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی اس بات کی امید بھی ظاہر کی کہ رامپور کے خوشگوار ماحول کو بنائے رکھنے میں تمام لوگ اپنا تعاون کرتے رہیں گے۔