ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس سے رو بہ صحت ہونے والے تبلیغی جماعت کے اراکین نے کورونا وائرس کے متاثرین کے لیے اپنا پلازمہ عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے تبلیغی جماعت کے 38 اراکین نے پلازمہ عطیہ کرنے کے لیے گاندھی اسپتال میں اپنا نام درج کرایا ہے۔
تبلیغی جماعت کے تلنگانہ کے ذمہ دار مزمل جنیدی نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ امیر جماعت مولانا سعد کی ہدایت کے مطابق انسانیت کو بچانے کی غرض سے تمام جماعت کے ساتھیوں نے اسپتال میں اپنا نام درج کرایا ہے، اسپتال انتظامیہ انہیں مقررہ وقت پر عطیہ کے لیے بلائے گی۔
آپ کو بتا دیں کہ مرکزی حکومت نے تلنگانہ کو پلازمہ تھیراپی کی اجازت دے دی ہے، حکومت نے کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے افراد سے خواہش کی ہے کہ وہ اپنا پلازمہ عطیہ کریں تاکہ دوسرے متاثرین کا علاج کیا جا سکے۔
سب سے پہلے تبلیغی جماعت کے افراد اس کےلیے آگے آئے اور اپنا نام درج کروایا، جماعت پر کورونا وائرس پھیلانے کا الزام عائد کرنے والے نیوز چینل کے کورونا سے متاثرہ عملے کے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں مزمل جنیدی نے ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔