بی جے پی کی سینئر رہنما اور سابق مرکزی وزیر اوما بھارتی نے بہار کے انتخابات اور مدھیہ پردیش کے ضمنی انتخابات پر رد عمل کا اظہار کیا، اوما بھارتی نے بہار عظیم اتحاد کی قیادت کر رہے تیجسوی یادو کی تعریف کی اور کہا کہ وہ بہت اچھا لڑکا ہے، انہوں نے کہا کہ وہ بہار چلا سکتے ہیں لیکن تھوڑا سا بڑا ہونے کے بعد، ابھی ان کو ایک ریاست کو چلانے کا تجربہ نہیں ہے، صرف یہی نہیں بی جے پی رہنما نے مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی کمل ناتھ کی بھی تعریف کی۔
اوما بھارتی نے بدھ کے روز بھوپال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا 'تیجسوی ایک اچھا لڑکا ہے، لیکن وہ ریاست چلانے کے لیے ابھی اہل نہیں ہے، آر جے ڈی کے سپریمو لالو پرساد یادو آخر کار پھر سے بہار کو جنگل راج میں ڈھکیل دیں گے۔ تیجسوی قیادت کر سکتے ہیں، لیکن کچھ اور بڑا ہونے کے بعد۔
واضح رہے کہ بہار انتخابات میں تیجسوی یادو نے جس طرح اپنی قیادت کا دم خم دکھایا ہے اس سے نہ صرف ان کی قائندانہ صلاحیت نکل کر سامنے آئی ہے بلکہ مخالف خیموں کے رہنماؤں کو بھی انہوں نے 'ناکو چنے چبوا دیے۔'
یہ بھی پڑھیں: حکومت سازی میں میرا کوئی کردار نہیں: سشیل مودی
بہار انتخابات میں تیجسوی یادو کی پارٹی 75 نشستوں پر کامیابی حاصل کر کے ریاست کی سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری ہے، عظیم اتحاد نے انتخابات میں 110 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔