بارہ بنکی کی زیدپور اسمبلی سے نشست سے تنُج پنیا 2017 کے اسمبلی انتخابات میں اترے لیکن ناکام رہے، رواں برس ہوئے پارلیمانی انتخابات میں کانگریس نے انہیں بارہ بنکی پارلیمانی حلقہ سے امیدوار بنایا، ان انتخابات میں بھی تنج کو بری طرح شکست کا سامنا کرنا پڑا، اب وہ پھر میدان میں ہیں۔ مسلسل شکست کے باوجود انتخابات میں اترنے کی وجہ تنُج پنیا عوام میں اپنی مقبولیت کو بتا رہے ہیں۔
ای ٹی وی بھارت نے بارہ بنکی میں ان سے خصوصی بات چیت کر ان کی انتخابی منصوبہ بندی جاننے کی کوشش کی۔
کانگریس مخالف لہر اور بی جے پی کی مضبوط فضا کے درمیان وہ کیسے مقابلہ کریں گے؟ اس پر تنُج پنیا کہتے ہیں کہ بی جے پی صرف بڑے بڑے وعدے کرتی ہے، زیدپور میں علاقائی مسائل پر کبھی حکومت نے غور نہیں کیا، بجلی کی اضافی قیمتوں سے عوام پریشان ہے، ان تمام مسائل کی بنا پر وہ بی جے پی کا مقابلہ کریں گے'۔
مسلم ووٹ بینک کے سہارے انتخابات میں اترے تنُج پنیا سے جب یہ سوال کیا گیا کہ دوران انتخاب اس طبقے کو بی جے پی کا خوف دکھا کر دوسری پارٹیاں اپنی جانب لے جاتی ہیں اس مسئلے سے نپٹنے کی حکمت عملی ان کی کیا ہوگی؟ تنُج نے کہا کہ اس سلسلے میں عوام کو بیدار کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
علاقائی مسائل کے سوال پر تنُج پنیا نے کہا کہ زیدپور میں ابھی کئی ایسے کام باقی ہیں جن کی وجہ سے عوام کو کافی پریشانیاں اٹھانی پڑتی ہیں۔ ان تمام مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی جائے گی نہ کہ جذباتی مسائل سے انتخاب فتح کرنے کی کوشش کی جائے گی۔