سواتی مالیوال کا کہنا ہے کہ 'چار دن گذر جانے کے بعد بھی قصورواروں کے خلاف اب تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی ہے جو کہ انتہائی تشویش کی بات ہے'
ان کا کہنا تھا کہ 'جس طرح سے غنڈوں نے کالج میں گھس کر ایک تقریب کے دوران کالج کی طالبات کو ہراساں کیا، یہ ایک نا قابل برداشت جرم ہے۔'
اس دوران انہوں نے دہلی پولیس پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ 'جب یہ واقعہ یہاں انجام دیا جا رہا تھا تو دہلی پولیس کھڑی ہو کر تماشہ دیکھ رہی تھی۔ چار دن گذر جانے کے بعد بھی دہلی پولیس نے ابھی تک ایف آئی آر نہیں درج کیا ہے۔'
ان کا کہنا تھا کہ 'آخر دہلی پولیس کس طرح کی جانچ اور تفتیش کررہی ہے، دہلی ویمنس کمیشن کے وفد کو یہیں بہت سارے ثبوت ملے ہیں لیکن دہلی پولیس کو اب تک کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔'
خیال رہے کہ دارالحکومت دہلی کے گارگی کالج میں ہفتے کو سالانہ تقریب کے دوران طالبات کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی واردات ہوئی تھی اور سالانہ تقریب کے دوران کچھ باہر کے لڑکے داخل ہو کر وہاں موجود طالبات کو ہراساں کیے تھے۔