نئی دہلی: سپریم کورٹ نے کوروناوائرس کے بڑھتے اثرات کو دیکھتے ہوئے بہار میں اسمبلی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست پر سماعت کرنے سے جمعہ کے روز انکار کردیا جسٹس اشوک بھوشن، جسٹس آر سبھاش ریڈی اور جسٹس ایم آر شاہ پر مشتمل ڈویژن بنچ نے اجے کمار کی درخواست خارج کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس طرح کے احکامات پاس نہیں کرسکتے ہیں۔
درخواست گزار نے عدالت سے درخواست کی کہ وہ انہیں الیکشن کمیشن کے سامنے نمائندگی کرنے کی اجازت دے، لیکن بنچ نے کہا کہ وہ ہر کسی کو الیکشن کمیشن کے سامنے جانے کی اجازت نہیں دے سکتی۔ وہ صرف متعلقہ درخواست واپس لینے کی اجازت دے سکتی ہے۔ اس کے بعد درخواست گزار نے درخواست واپس لے لی۔
درخواست گزار نے کہا کہ اس طرح کی عرضی پہلے بھی مسترد کردی گئی ہے، لیکن بہار میں کورونا وبا کے حوالے سے صورتحال میں اب بھی کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ لہذا الیکشن ملتوی ہونا چاہیے۔
درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ بہار میں اسمبلی انتخابات کرانے کے لیے حالات مناسب نہیں ہیں۔ ریاست کے عوام کورونا وبا کی زد میں ہیں۔ دوسری طرف سیلاب نے بھی تباہی مچا دی ہے۔ سیاسی نکتہ نظر سے بھی ریاست میں منصفانہ انتخابات ممکن نہیں ہیں۔
درخواست گزار نے 7 ستمبر کو درخواست دائر کی تھی، جس کے بعد رجسٹری نے سماعت کے لیے تاریخ مقرر کردی تھی۔