اسکول اور کالج کے کم از کم 100 ہونہار طالب علموں کو منگل کے روز وزیراعظم کے باکس سے یوم جمہوریہ پریڈ دیکھنے کا موقع ملے گا۔یہ معلومات وزارت تعلیم نے دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی طلبا کو پریڈ کے بعد وزیر تعلیم رمیش پوکھریال سے بات چیت کرنے کا موقع بھی ملے گا۔
وزارت تعلیم نے ٹویٹ کیا ہے کہ یہ جانکاری کو شیئر کرتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے کہ ملک بھر کے ہونہار طلباء کو وزیراعظم باکس سے یوم جمہوریہ 2021 پریڈ دیکھنے کا موقع ملے گا۔انہیں بھارت کے وزیر تعلیم رمیش پوکھریال سے ملاقات کرنے اور بات چیت کرنے کا بھی موقع ملے گا۔
وزارت کے ایک عہدیدار کے مطابق اس کے لیے 100 طلباء کو منتخب کیا گیا ہے، جس میں سے 50 اسکولوں سے اور 50 اعلی تعلیم اداروں سے ہیں۔
گزشتہ برس ملک بھر کے سی بی ایس ای اور اعلی تعلیم اداروں کے کل 105 ہونہار طلباء کو وزیراعظم باکس سے 71 ویں یوم جمہوریہ پریڈ دیکھنے کا موقع ملا تھا۔
عہدیداروں کے مطابق کووڈ 19 کے حفاظتی تدابیر کے مدنظر موٹر سائیکل سواروں کے ذریعہ کی جانے والی کرتب بازی کو اس سال کے یوم جمہوریہ تقریب میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔وہیں اس سال پریڈ دیکھنے والوں کی کم تعداد موجود ہوگی۔
عہدیداروں نے بتایا کہ ایک دوسرے سے سماجی فاصلہ قائم رکھنے کے اصول کی وجہ سے 72 ویں یوم جمہوریہ کی تقریب میں بہادری کا ایوارڈ جیتنے والے بچوں کی پریڈ بھی نہیں ہوگی۔
وہیں اس سال کی تقریب میں کوئی مہمان خصوصی نہیں ہوگا۔ کووڈ ۔19 سے متعلقہ قواعد کی وجہ سے رواں سال یوم جمہوریہ ثقافتی پروگراموں میں شریک ہونے والوں کی تعداد 401 کردی گئی ہے۔