سری لنکا کے وزیراعظم 20 رکنی وفد کے ساتھ صبح گیارہ بجے گیا ہوائی اڈے پر اترے۔ ہوائی اڈے پر بہار حکومت کی جانب سے وزیر زراعت ڈاکٹر پریم کمار نے سری لنکا کے وزیراعظم مہندا راج پکشے کا پرتپاک استقبال کیا۔
مہابودھی سوسائٹی آف انڈیا شاخ، بودھ گیا کی جانب سے مندر ویٹنگ ہال میں ان کا استقبال کیا گیا۔ ہوائی اڈے پر وزیراعظم کو گارڈ آف آنر دیا گیا۔ گیا ہوائی اڈے سے وزیر اعظم پوجا کے لئے براہ راست مہابودھی کے مندر گئے۔
مہندا راجا پکشے نے مہابودھی کے مندر کے اندرونی حصہ میں پوجا کی اور اس کے بعد مقدس بودھی درخت کی پوجا کی۔ سری لنکا کے وزیر اعظم نے پوجا میں قریب نصف گھنٹے تک مندر میں وقت گزارا۔ اس کے بعد وہ بودھ گیا میں مہابودھی سوسائٹی آف انڈیا (سری لنکائی بدھ مت سوسائٹی) کے جےشری مہابودھی مہاویہرا کے پاس گئے۔
بی ٹی ایم سی کی جانب سے سکریٹری این دورجی نے مہندرا راجاپکشے کو مہابودھی مندر میں خوش آمدید کہا۔ سری لنکا کے وزیر اعظم کی آمد کے لئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے ۔ وہ یہاں سے شام پانچ بجے ائیر انڈیا جہاز کے ذریعے تروپتی کے لئے روانہ ہوگئے۔