محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق سورو گنگولی کے بڑے بھائی سنیہاشیش گنگولی کی اہلیہ کی کورونا وائرس رپورٹ مثبت آئی جس کے بعد سنیہاشیش کی ساس کا بھی کورونا ٹیسٹ کیا گیا تو ان کی رپورٹ بھی مثبت آئی ہے۔
چند روز قبل دونوں افراد کو سردی، کھانسی اور بخار تھا لیکن بعد میں سانس لینے میں بھی تکلیف ہونے لگی تھی، واضح رہے کہ گنگولی کی ساس کی عمر اس وقت 80 برس ہے۔
بھابھی اور بھابھی کی والدہ کی کورونا رپورٹ مثبت آنے کے بعد احتیاط کے طور پر سورو گنگولی نے اپنے آپ کو ہم کورنٹائن کر لیا ہے۔
اس کے علاوہ ان کے کنبے کے ان تمام افراد کی شناخت کی جارہی ہے جو ان سے رابطے میں آئے تھے۔
کنبے کے دوستوں اور رشتہ داروں سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ اپنے رابطے کے متعلق معلومات حاصل کرنے کے بعد محکمہ صحت کو آگاہ کریں۔
واضح رہے کہ ریاست مغربی بنگال میں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 12 ہزار سے بھی تجاوز کر چکی ہے۔
تازہ اعداد و شمار کے مطابق اب بھارت میں کورونا متاثرین کی تعداد 3،95،048 تک جاپہنچی ہے اور اب تک اس وبا سے کل 2،13،831 مریض صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 12،948 مریضوں کی اموات درج کی گئی ہیں۔
اس وبا کا سب سے زیادہ اثر مہاراشٹر میں دیکھا گیا ہے۔ یہاں کورونا متاثرین کی تعداد 1،24،331 بتائی جارہی ہے جبکہ 5،893 افراد کی موت درج کی گئی ہے۔
اس معاملے میں ریاست تامل ناڈو دوسرے نمبر پر ہے جہاں 54،449 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں اور 666 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
دارالحکومت دہلی اس معاملے میں تیسرے نمبر پر ہے جہاں مریضوں کی تعداد 53،116 بتائی گئی ہے اور اس وبا نے یہاں اب تک 2،035 افراد کی جان لی ہے۔