اپنی انسان دوستی پر مبنی خدمات کو جاری رکھتے ہوئے بالی ووڈ کے مشہور اداکار سونو سود نے 28 سالہ خاتون کو ملازمت کی پیش کش کی ہے۔ جو کووڈ 19 بحران کے سبب ملازمت سے محروم ہوگئی اور حیدرآباد میں سبزیوں کی فروخت شروع کردی ہے۔
اطلاع کے مطابق انادادی شاردا نامی خاتون حیدرآباد کی رہائشی ہیں اور ایک ملٹی نیشنل کمپنی (ایم این سی) میں ملازمت کرتی تھیں، لیکن بدقسمتی سے کووڈ۔19 وبائی مرض کی وجہ سے وہ اپنی ملازمت سے ہاتھ دھو بیٹھی اور وہ پچھلے کئی دنوں سے سخت پریشان تھی۔
شاردا نے کہا ہے کہ 'میں اس سے قبل ایک ایم این سی میں ملازمت کر رہی تھی لیکن کورونا وائرس (کووڈ۔19) کے بحران کی وجہ سے میں اپنی ملازمت سے محروم ہوگئی۔ پھر میں نے روزگار کے لئے سبزیاں بیچنا شروع کیں'۔
انہوں نے بتایا ہے کہ 'حال ہی میں مجھے بالی ووڈ اداکار سونو سود کا فون آیا۔ سود نے مجھے روزگار کی پیش کش کی۔ اس سلسلے میں مَیں نے ایک انٹرویو دیا ہے۔ اس بارے میں حتمی فیصلہ لیا جائے گا'۔
شاردا نے مزید کہا ہے کہ 'یہ بہت اچھی پیشکش ہے لیکن بہت سارے لوگ ہیں جو کووڈ 19 کے بحران کی وجہ سے اپنی ملازمت سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ میری خواہش ہے کہ ان جیسے مزید لوگوں کو بھی اس نازک صورتحال میں بے روزگار نوجوانوں کی مدد کے لئے آگے آنا چاہئے'۔
مزید پڑھیں: ای ٹی وی بھارت کے ساتھ سونو سود کی خصوصی بات چیت
بتادیں کہ اداکار سونو سود نے وبائی مرض کے درمیان متعدد افراد کی مدد کی ہے جن میں روزانہ اجرت حاصل کرنے والے، مہاجر مزدور، پھنسے ہوئے طلبا اور خواتین وغیرہ شامل ہیں۔