سندھ حکومت کے ترجمان نے سماجی روابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری ایک پوسٹ میں اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مزید افراد کے ٹیسٹ نتائج آگئے ہیں جن کے مطابق تفتان سرحد سے سکھر پہنچنے والے 50 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سکھر کے علاوہ کراچی سے 25 معاملے جبکہ حیدرآباد سے ایک معاملہ کے ساتھ کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 76 ہوگئی ہے۔
سندھ حکومت کے ترجمان نے مزید کہنا تھا کہ کورونا سے متاثر ہونے والے دو افراد صحتیاب بھی ہوچکے ہیں جبکہ بقیہ وائرس کے مصدقہ افراد کو آئیسولیشن (تنہائی) میں رکھا گیا ہے۔
سندھ کی محکمہ صحت کی جانب سے بھی ایک ٹویٹ میں کورونا کے 76 معاملے کی تصدیق کی گئی ہے جن میں 25 کا تعلق کراچی سے اور ایک کا حیدرآباد جبکہ 50 معاملے تفتان سرحد کے ذریعے ایران سےسکھر آنے والے افراد اس کیس کی تصدیق ہوئی ہے۔
دو روز روز قبل بھی سندھ حکومت کے ترجمنا نے کہا تھا کہ تفتان سرحد پر قرنطینہ کیے گئے مجموعی 853 زائرین میں سے 288 کو سکھر منتقل کیا گیا ہے۔
جس میں سے 40 زائرین کے طبی نمونے ٹیسٹ کے لیے کراچی روانہ کیے گئے تھے اور گزشتہ روز ان میں سے 13 نمونے مثبت پائے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ دسمبر 2019 میں چین کے شہر ووہان سے شروع ہونے والا کووڈ 19 (نوول کورونا وائرس) دنیا کے تقریبا 156 ممالک تک پھیل چکا ہے اور اس سے دنیا بھر میں ایک لاکھ 56 ہزار 400 سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔
اس عالمی وبا کے باعث اب تک کم از کم 6 ہزار 513 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں سب سے زیادہ تین ہزار 99 اموات چین کے صوبے ہوبے میں ہوئی ہیں۔