بابری مسجد-رام جنم بھومی تنازع پر عدالت عظمیٰ کے آنے والے فیصلے سے قبل جامع مسجد دہلی کے شاہی امام مولانا سید احمد بخاری نے کہا ہے کہ یہ قوم کے لیے آزمائش کا وقت ہے۔
انھوں نے ملک کی مختلف تنظیموں اور عوام سے یہ درخواست کی ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور عدلیہ کے فیصلے پر اپنا اعتماد برقرار رکھیں۔
بخاری نے ایک بیان میں کہا ، "یہ قوم کے لئے آزمائش کا وقت ہے۔ اگرچہ فریقین کے جذبات بھی اس سے وابستہ ہیں تاہم عدالت کے فیصلےپر پورا اعتماد رکھیں۔
انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا مجھے امید ہے کہ آئینی برتری غالب رہےگی اور عدالت سے انصاف ملے گا۔
عدالت عظمیٰ کے فیصلے سے قبل ملک کے مختلف تنظیموں اور سیاسی رہنماؤں کی جانب سے ہر جگہ امن کی اپیل کی گئی ہے اور سبھی تنظمیوں نے یک زبان ہوکر کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ کا فیصلہ انہیں قابل قبول ہوگا۔