ریاست مہاراشٹر میں بی جے پی کی باغی رکن اسمبلی گیتا جین نے اتوار کے روز وزیراعلی دیویندر فڈنویس سے ملاقات کی اور بی جے پی کو حمایت دینے کی یقین دہائی کی۔
گیتا جین مہاراشٹر کے تھانے میں میرا بھیندر اسمبلی حلقے سے بی جے پی کے امیدوار نریندر مہتا کے خلاف الیکشن لڑی تھی، جس میں انھوں نے کامیابی حاصل ہوئی۔
اسمبلی انتخاب میں گیتا جین کو بی جے پی نے ٹکٹ دینے سے انکار کر دیا تھا۔ اس وجہ سے انہوں نے بی جے پی کے باضابطہ امیدوار نریندر مہتا کے خلاف پرچہ داخل کر دیا تھا اور آزاد امیدوار کے طور پر انتخاب میں اتر گئی تھیں۔
اس اسمبلی انتخاب میں گیتا جین نے بی جے پی کے امیدوار نریندر مہتا کو پندرہ ہزار ووٹوں سے ہرایا ہے حالانکہ انتخاب کے نتائج کے بعد انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ بی جے پی کی ہی حمایت کریں گی اور اسی وجہ سے انہوں نے وزیر اعلی دیویندر فڑنویس سے ملاقات کی اور انہیں اپنی حمایت ظاہر کر دی۔
اسی کے ساتھ انہوں نے وزیر اعلی دیویندر فڈنویس کو دیوالی کی مبارکباد بھی دی اور کہا کہ وہ ان کے ساتھ میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 'اگر انہیں بی جے پی ٹکٹ دیتی تو وہ پارٹی کو طاقتور طریقے سے کامیابی دلاتیں لیکن پارٹی نے انہیں ٹکٹ نہیں دیا اس کے باوجود انہوں نے انتخاب لڑا اور کامیاب ہوئیں۔ اب وہ بی جے پی کی حمایت کا اعلان کرتی ہیں۔'
گیتا جین کی حمایت کے بعد بی جے پی کے ارکان اسمبلی کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے۔
معلوم ہو کہ اس سے پہلے بارشی اسمبلی حلقہ کے رکن اسمبلی راجیندر راوت نے بھی وزیر اعلی سے ملاقات کر کے انہیں اپنی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ آزاد امیدوار راجیندر راوت نے شیوسینا کے امیدوار دلیپ سوپل کو انتخاب میں ہرایا تھا جس کے بعد انہوں نے وزیر اعلی سے ملاقات کی اور انہیں اپنی حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔
راجیندر راوت بھی بی جے پی کے ہی رکن ہیں لیکن یہ سیٹ شیوسینا کے کھاتہ میں جانے کے بعد انہوں نے بغاوت کرتے ہوئے آزاد امیدوار کے طور پر انتخاب لڑا اور کامیاب ہوئے جس کے بعد انہوں نے وزیر اعلی سے ملاقت کر کے اپنی حمایت کا اعلان کیا۔
بی جے پی سے بغاوت کرنے والے راجیندر راوت کو انتخاب میں 95/ہزار 482/ووٹ ملے تھے جبکہ شیوسینا کے امیدوار دلیپ سوپل کو 92/ہزار 406/ووٹ ملے تھے جس کی وجہ سے راجیندر راوت 3076/ووٹوں سے کامیاب ہو گئے تھے ۔اس درمیان کچھ آزاد رکن اسمبلی نے شیوسینا کو بھی اپنی حمایت دی ہے جس کی وجہ سے دونوں ہی پارٹیوں کے ارکان اسمبلی کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے۔
مہاراشٹر کے اسمبلی انتخابات میں مجموعی طور پر 286 نشستوں میں سے بی جے پی۔شیو سینا اتحاد کو 161 سیٹیں حاصل ہوئی ہیں، ان میں بی جے پی کو 105، جبکہ شیوسینا کو 56 نشستیں ملی ہیں۔
وہیں کانگریس۔این سی پی اتحاد کو 98 سیٹیں حاصل ہوئی ہیں، جن میں 44 کانگریس اور 54 سیٹیں این سی پی کو حاصل ہوئی ہیں۔
اس کے علاوہ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین، پرہار جن شکتی پارٹی اور سماج وادی پارٹی کو دو دو سیٹیں، جبکہ بہوجن وکاس اگاڑی کو تین نشستیں ملی ہیں۔ باقی دیگر کو حاصل ہوئی ہیں۔