بھارتی ریزرو بینک آف انڈیا نے بڑھتی مہنگائی کو دیکھتے ہوئے آج ریپو ریٹ اور ریورز ریٹ میں تخفیف کرنے کا اعلان کیا ہے۔
آربی آئی گورنر شکتی کانتا داس نے پریس کانفرنس کے دوران مالیاتی پالیسی کمیٹی کے فیصلے کے بعد ریپوریٹ میں 0.25فیصد تخفیف کرنے کا اعلان کیا۔
ریپو ریٹ میں 0.25 فیصد تخفیف کے بعد اب ریپو ریٹ 5.15 فیصد ہوگیا ہے۔
اسی طرح سے ریورز ریپو ریٹ 4.90 پر پہنچ گیا ہے۔
ریپو ریٹ کی تخفیف کے بعد گھر،کار اور پرسنل لون سمیت سبھی قسم کے قرض کے سستے ہونے کی امید ظاہر کی جارہی ہے۔
یاد رہے کہ مختلف بینک اپنا پیسہ ریزرو بینک آف انڈیا کے خزانے میں جمع کرتے ہیں۔ اس رقم پر بینک جس شرح سے سود ادا کرتا ہے اسے ریورز ریپو کی شرح کہتے ہیں۔
ریپو کی شرح بالکل اس کے برعکس ہے۔ ریزرو بینک مختلف بینکوں کو جو مختصر مدت کے لیے قرض دیتا ہے اس پر جس شرح سے سود لیا جاتا ہے اسے ریپو کی شرح کہتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق ان دونوں شرحوں میں اضافے یا تخفیف سے سود کی شرح فورا ہی اثر دار ہوجاتی ہیں اور اس کا براہ راست اثر ان لوگوں پر پڑتا ہے جو سود پر بینکوں سے قرض لیتے ہیں۔