قومی دارالحکومت دہلی میں وزیرخارجہ ایس جے شنکر نے بتایا کہ بھارت سے 15 ڈاکٹرز اور صحت کی دیکھ بھال کرنے والے پیشہ ور افراد پر مشتمل ایک ریپڈ رسپانس ٹیم آج کویت پہنچ گئی، تاکہ کویت حکومت کی کوروناوائرس کے خلاف جنگ میں مدد کرسکے۔
خیال رہے کہ یہ وزیراعظم نریندر مودی اور ان کے کویت ہم منصب شیخ صباح الخالد الحمد الصباح کے مابین حالیہ فون کال کے بعد ایسا ہوا ہے، جس میں دونوں رہنماؤں نے عالمی وبائی امراض کے خلاف مشترکہ اور مربوط کوششوں پر اتفاق کیا ہے۔
توقع کی جارہی ہے کہ میڈیکل ٹیم دو ہفتوں کے لیے کویت میں قیام کرے گی، اور اس دوران وہ متاثرہ افراد کی جانچ اور ان کے علاج معالجے اور اپنے کویت اہلکاروں کو تربیت دینے میں طبی امداد فراہم کرے گی۔
واضح رہے کہ وزیرخارجہ ایس جے شنکر نے ٹوئٹ کیا کہ 'بھارت کی ریپڈ رسپانس ٹیم کویت پہنچ گئی ہے، تاہم ہم نے کووڈ-19 پر دونوں وزرائے اعظم کے درمیان ہونے والی بات چیت کی پیروی کی ہے، جو بھارت اور کویت کے مابین خصوصی دوستی کی علامت ہے'۔
وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کویت حکومت کی درخواست پر ریپڈ رسپانس ٹیم کو بھیجا گیا ہے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان بات چیت کے بعد ایس جے شنکر اور ان کے کویت کے ہم منصب شیخ ڈاکٹر احمد ناصر ال محمد الصباح نے کویت کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے اور ان مشکل وقت میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ٹیلیفون پر بات چیت کی ہے۔
خیال رہے کہ کویت میں اب تک 1154 کوروناوائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں خلیجی ملک کا ایک شخص اس مہلک انفیکشن کا شکار ہوگیا ہے۔
ایسا خیال کیا جاتا ہے کہ کویت میں تقریباً دس لاکھ آبادی بھارتی باشندوں کی ہے۔