رندیپ سنگھ سرجے والا نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ایڈوانی نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا تھا کہ تنوع اور نظریاتی اظہار آزادی بھارتی جمہوریت کی بنیاد ہے۔ بی جےپی نے کبھی اپنے سیاسی حریفوں کو دشمن یا ملک مخالف نہیں مانا۔
انہوں نے کہا کہ اس کے برعکس امت شاہ اور مودی کی جوڑی اپنے مخالفین کو ملک مخالف بتانے کی سازش کرتی رہتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ مودی اور شاہ اکثر اپنے سیاسی مخالفین پر ملک مخالف،سلامتی دستوں کے مخالف،فوج کے بہادر جوانوں کا حوصلہ پست کرنے اور پاکستان کا ایجنٹ ہونے کا الزام لگاتے ہیں۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران ایسی کئی مثالیں ہیں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ خود ان الزامات سے گھرے ہوئے ہیں۔
کانگریس کے ترجمان نے مودی حکومت کے دوران اس طرح کئی مثالیں دیں اور کہا کہ ان سے ظاہر ہوتا ہے کہ مودی -شاہ کی جوڑی جو الزام اپنے مخالفین پر لگاتی ہے،وہ خود ان سے گھری ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور بی جےپی صدر کو ملک کے عوام کو بتا نا چاہیے کہ حقیقت میں ملک کے مخالف، فوج دستوں کے مخالف، جوانوں کا حوصلہ پست کرنے والے اور پاکستان کے لیے ایجنٹ کے طورپر کون کام کررہا ہے اس کا وہ انکشاف کریں۔