کوویڈ 19 سے متاثرہ مریضوں کی دیکھ بھال کرنے والے آئی سی یو انچارج نے انسانیت نوازی اور اپنے فرض کو ترجیح دیکر ایک نئی مثال قائم کی ہے۔
ریاست راجستھان کے جئے پور میں واقع سوائی مان سنگھ ہسپتال میں کورونا مریضوں کے لئے بنائے گئے علحدہ وارڈ کے آئی سی یو انچارج رام مورتی مینا کی ماں فوت ہوگیں، مگر انھوں نے اپنی ماں کی آخری رسومات میں شرکت نہیں کی۔
رام مورتی مینا نے کہا کہ اس وقت اگر وہ اپنے فرائض کو چھوڑ کر ان کی ماں کی آخری رسومات میں شرکت کرنے جاتے تو انھیں کوویڈ19 کے مریضوں کی جان کا خطرہ تھا۔ تب انھوں نے یہ فیصلہ لیا کہ اس وقت ان کی ضرورت ان مریضوں کو بچانے کے لیے زیادہ اہم ہے، اور انھوں نے یہ فیصلہ لیا کہ وہ اپنی ماں کی آخری رسومات میں شرکت نہیں کریں گے۔انھوں نے کہا کہ غم اور صدمے کے اس وقت میں انھیں یہ فیصلہ کرنا پڑا ۔
مذکورہ صحت اہلکار کی ماں کا 93 برس کی عمر میں 30 مارچ کو انتقال ہوا۔ رام مورتی مینا جن کا تعلق کرولی کے رینولی سے ہے،انھوں نے اپنی ماں کی آخری رسومات کو بذریعہ ویڈیو کال دیکھا۔
مینا پچھلے دو ماہ سے کوویڈ 19 کے مریضوں کی آئی سی یو میں دیکھ بھال کررہے ہیں۔