نئی دہلی: سابق کانگریس صدر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی قیادت والی حکومت کسی کی نہیں سن رہی ہے اور من مانی کر کے انسانیت کے خلاف جرم کررہی ہے۔
راہل گاندھی نے جمعرات کو ٹویٹر پر لکھا کہ 'مودی حکومت غریبوں کے بنیادی حقوق چھین رہی ہے۔ یہ انسانیت کے خلاف جرم ہے۔ ملک کے بہتر مستقبل کے لیے ہمیں ہر طبقے کے حقوق کا احترام کرنا ہوگا'۔
کانگریس مواصلات کے محکمہ کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے بھی حکومت پر کسانوں کی بات نہ سننے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ تحریک چلانے والے کسانوں کو نظرانداز کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'تاریخ میں یہ بھی درج ہوگا کہ جب اناج پیدا کرنے والے کسان 16 دنوں سے سڑکوں پر حقوق کی جنگ لڑ رہے تھے، تب آپ سینٹرل وسٹا کے نام پر اپنے لیے ایک محل کھڑا کر رہے تھے۔ جمہوریت میں اقتدار جنون پورا کرنا نہیں، عوامی خدمت اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے کا ایک ذریعہ ہوتا ہے'۔
(یو این آئی)