ریاست اترپردیش کے ضلع لکھیم پور کھیری میں انٹرمیڈیٹ کی طالبہ کے ساتھ عصمت دری اور قتل کا حوالہ دیتے ہوئے کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے گورنر آنندی بین پٹیل سے خاتون سیکورٹی میں بہتری کے لئے مداخلت کی اپیل کی۔
محترمہ واڈرا نے بدھ کو ٹوئٹ کیا کہ'معزز گورنر، یوپی میں خاتون سیکورٹی کے حالات بہت خراب ہوچکے ہیں۔ لکھیم پور کھیری کی ایک لڑکی آن لائن فارم بھرنے جارہی تھی تبھی راستےمیں اس کی عصمت دری کے بعد قتل کردیا گیا۔یوپی میں ایسا اب روز ہورہا ہے۔
امید ہے کہ آپ اس معاملے کو سنجیدگی سے لیں گی۔ادھر اسمبلی میں کانگریس رہنما آرادھنا مشرا مونا نے کہا کہ' وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ریاست میں 'بیٹی پڑھاؤ، بیٹی بڑھاؤ' کا نعرہ دیتے ہوئے رام راج کی بات کرتے ہیں۔ایسے ریاست میں جہاں آئے دن بیٹیوں کے ساتھ عصمت دری جیسے سنگین جرائم سامنے آرہے ہوں وہاں ایسا تصور کرنا بھی فضول ہے۔
انہوں نے انتباہ دیا کہ بیٹیوں کی سیکورٹی کا دعویٰ کرنے والی حکومت نظم ونسق اور عصمت دری کے واقعات پر کنٹرول حاصل کرے ورنہ ریاست کی عوام انہیں جواب دےگی۔انہوں نے ریاستی خاتون کمیشن سے بھی اس مذکورہ بالا واقعہ کے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
مزید پڑھیں:
اترپردیش: 13 سالہ لڑکی کا ریپ کے بعد قتل
قابل ذکر ہے کہ لکھیم پور کھیری کے ایک گاؤں میں منگل کی صبح ایک 17سال کی لڑکی کی لاش ملی تھی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں اس کے ساتھ عصمت دری اور قتل کی تصدیق ہوئی ۔ اہل خانہ کے مطابق طالبہ پیر کو گھر سے نکلی تھی اور نزدیک شہر میں اسکالرشپ کا فارم بھرنے کے لئے گئی تھی۔