لوک سبھا میں صدر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر بحث کے دوران اپوزیشن پارٹیوں نے کسان تحریک کے سلسلے میں آج حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ برسراقتدار حکومت کے ارکان نے کورونا سے نمٹنے میں وزیر اعظم نریندر مودی کی کوششوں کی خوب تعریف کی۔
بھارتیہ جنتاپارٹی کے رمیش بدھوڑی نے صدر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر کل کی نامکمل بحث کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ مودی ملک کے عوام کا اٹوٹ بھروسہ ہیں۔ اس لئے ان کے اپیل پر لوگوں نے تالی، تھالی بجائی اور کورونا واریئرز کے احترام میں چراغ جلائے۔ مودی نے اس طرح کی کوششوں سے ملک کے عوام میں بھروسہ پیدا کیا کہ کورونا وبا کو شکست دی جاسکتی ہے۔
بدھوڑی نے کسانوں کا معاملہ بھی اٹھایا اور کہا کہ اپوزیشن پارٹیاں کسانوں کے نام پر اپنی سیاست چمکانے کی کوشش کررہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو پارٹیاں آج کسانوں کی ہمدرد بن کر اپنی سیاست چمکا رہی ہیں انہوں نے سوامی ناتھن کمیشن کی رپورٹ نافذ کرنے کی کوشش نہیں کی۔
بی جے پی لیڈر نے کہا کہ مودی حکومت کی پالیسی کسانوں کے مفاد میں ہے۔ اس لئے کسان کو فائدہ ہوا ہے اور زرعی پیداوار چھ سال کے دوران تقریباً 32 فیصد بڑھی ہے۔