بہار کے ضلع کیمور بھبھوا نگر پالیکا میدان کو بچانے کے لیے کئی اپوزیشن جماعتوں نے آواز اٹھائی ہے۔
اس سلسلے میں بھبھوا کے مسلم مسافرخانے میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی، جس کے سی پی آئی ایم ایل، آر جے ڈی، آر ایل ایس پی اور وی آئی پی جیسی سیاسی جماعتوں کے کارکنان نے شرکت کی۔ اس میٹنگ میں سی پی آئی ایم ایل کے وجے یادو اور آر جے ڈی کے بھولا یادو بھی موجود تھے۔
اس میٹنگ میں ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا کہ بھبھوا نگر پالیکا پریشد میدان میں مارکیٹ کمپلیکس بنانے سے گریز کیا جائے۔ اگر ان کے مطالبے تسلیم نہیں کیے گئے تو تین اکتوبر بھبھوا بند کیا جائے گا، جبکہ 12 اکتوبر کو ڈی ایم آفس کا گھیراؤ کیا جائے گا۔
میٹنگ کے بعد ضلع انتظامیہ کے فیصلے کے خلاف بھبھوا مسلم مسافرخانہ سے ایک جلوس نکالا گیا۔ یکتا چوک پر سی پی آئی ایم ایل کے رہنما کامریڈ وجے یادو نے عوام کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نگر پالیکا پریشد میدان شہر کی پہچان ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس میدان کے بغل میں گورنمنٹ اسکول ہے، اسکول کا دروازہ اسی میدان میں ہے، اس کے علاوہ وارڈ نمبر 11 اور 12 کا راستہ بھی اسی میدان سے ہو کر گزرتا ہے، جبکہ نگر پریشد کا مشرقی میدان کو پریشد نے کوڑے سے بھر دیا ہے اور اب خالی میدان میں مارکیٹ کمپلیس بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جو بالکل غلط ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس میدان پر پہلے تالاب تھا، لہذا مارکیٹ کمپلیکس نہ بناکر وہاں تالاب کو بحال کیا جائے۔
اس جلوس میں آر جے ڈی کے رہنما پشوپتی ناتھ سنگھ، اوما شنکر سنگھ اور بلداؤ سنگھ سمیت کثیر تعداد میں لوگ موجود تھے۔