سرکاری معلومات کے مطابق وزیر اعظم 'شفافیت پرمبنی ٹیکس - ایماندار کا احترام' کے لئے جو پلیٹ فارم لانچ کریں گے، وہ ڈائریکٹ ٹیکس اصلاحات کو مزید آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔
محکمہ انکم ٹیکس کے افسروں اوراعلیٰ افسروں کے علاوہ مختلف چیمبرز آف کامرس، تجارتی ایسوسی ایشنز اور چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ایسوسی ایشنز کے ساتھ ساتھ بڑے ٹیکس دہندگان بھی اس تقریب میں حصہ لیں گے۔ اس موقع پر وزیر برائے خزانہ اور کارپوریٹ امور نرملا سیتارمن اور وزیر مملکت برائے خزانہ اور کارپوریٹ امور انوراگ سنگھ ٹھاکر بھی موجود رہیں گے۔
سینٹرل بورڈ آف ڈائریکٹ ٹیکس (سی بی ڈی ٹی) نے حالیہ برسوں میں ڈائریکٹ ٹیکسوں میں کئی بڑی ٹیکس اصلاحات کی ہیں۔ گذشتہ سال کارپوریٹ ٹیکس کی شرح 30 فیصد سے کم کر کے 22 فیصد کر دی گئی اور نئے مینوفیکچرنگ یونٹوں کے لئے یہ شرح مزید 15 فیصد کر دی گئی تھی۔ 'منافع تقسیم ٹیکس' بھی ختم کر دیا گیا۔
ٹیکس اصلاحات کے تحت ٹیکس کی شرحوں میں کمی کرنے اور ڈائریکٹ ٹیکس قوانین کو سہل کرنے پر توجہ دی جارہی ہے۔ محکمہ انکم ٹیکس کے کام کاج کی کارکردگی اور شفافیت لانے کے لئے سی بی ڈی ٹی کی جانب سے کئی قدم اٹھائے گئے ہیں۔