ملک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر آئی سی ایم آر کی جانب سے تین نئے لیب شروع کئے جا رہے ہیں جس کا افتتاح آج وزیر اعظم کے ہاتھوں بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ ہوگا۔
یہ تین لیب مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی، قومی دارالحکومت دہلی کے نوئیڈا علاقے اور مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا میں شروع کئے جا رہے ہیں۔
اس ورچول ایونٹ میں اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ، مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اور مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کی شرکت متوقع ہے اس کے علاوہ مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن بھی موجود رہیں گے۔
پی ایم او کے مطابق جدید مشینوں اور سہولیات سے لیس ان تین لیبس میں روزانہ تقریباً 10 ہزار نمونوں کی جانچ کی جاسکے گی۔
دنیا کے قدیم ترین میڈیکل ریسرچ میں سے ایک آئی سی ایم آر ملک میں بایومیڈیکل ریسرچ کو مربوط اور فروغ دینے میں معاون ہے۔
واضح رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کے ابھی 13 لاکھ سے زائد پازیٹیو کیسز سامنے آچکے ہیں۔