وزیر اعظم مودی نے کورونا وائرس کے خلاف ' جنتا کرفیو' جیسی مہم کو آگے بڑھانے کے لئے لوک گلوکارہ مالنی اوستھی اور لوک گلوکار پریتم بھرتوان کی طرف سے تھیم سانگ دیے جانے کی اتوار کو تعریف کی۔
وزیر اعظم مودی نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر دونوں لوک گلوکاروں کی پہل کا ذکر کرتے ہوئے لکھا ہے'' جنتا کرفیو کے سلسلے میں ہر کوئی اپنی اپنی طرف سے تعاون دینے میں مصروف ہے۔ لو ک گلوکارہ مالنی اوستھی اپنے انداز میں لوگوں کو تحریک دے رہی ہیں ۔''
انہوں نے مزید لکھا ہے،'' جنتا کرفیو کے تعلق سے لوک گلوکار پریتم بھرتوا ن جی نے (بھی) ایک منفرد اور انتہائی سريلا پیغام دیا ہے۔''
وزیر اعظم نے اس مہم میں میڈیا سے وابستہ افراد کی بھی تعریف کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ميڈيا سے وابستہ افراد نہ صرف کورونا وائرس کے قہر کے تعلق سے ضروری معلومات لوگوں تک پہنچا رہے ہیں، بلکہ خود بھی احتیاطی تدابیر اختیار کر رہے ہیں۔
انہوں نے امید اور مثبت خیالات سے منسلک پیغامات نشر کرنے کے لئے بھی میڈیا کی تعریف کی ہے۔ انہوں نے میڈیا شعبے کی کچھ شخصیات کے ٹویٹس اپنے ٹویٹر ہینڈل پر ری ٹويٹ کرتے ہوئے ان کی مثبت کوششوں کا ذکر کیا ہے۔