پاکستان کے زیر انتظام کشمیر سے تعلق رکھنے والے ایک سیاسی کارکن امجد ایوب مرزا نے الزام لگایا ہے کہ کووڈ-19 میں پھیلاؤ کے درمیان وادی کشمیر یعنی بھارت کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں شدت پسندوں کو دراندازی کرانے کے لئے پاکستان ان دنوں ایل او سی پر باقاعدگی سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کررہا ہے۔
گلاسگو میں مقیم اس سیاسی کارکن اور مصنف امجد ایوب مرزا نے کہا 'یہ پاکستان ہے، جو جنگ بندی کی خلاف ورزی کا ذمہ دار ہے۔ ہم پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے عوام اس حقیقت سے بخوبی واقف ہیں کہ پاکستان ہمیشہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کا آغاز کرتا ہے جس کے بعد بھارت جوابی کارروائی کرتا ہے'۔
کارکن نے کہا 'ہمیشہ کی طرح اس بار بھی پاکستان کی طرف سے ہی جنگ بندی کی خلاف ورزی کا آغاز ہوا جس نے مقامی لوگوں کے لئے مشکلات پیدا کردی ہیں، یہاں تک کہ جموں کے ان علاقوں میں جو جنگ بندی لائن کے دائرہ اختیار میں بھی نہیں آتے ہیں، ان کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑھ رہا ہے'۔
مزید بات کرتے ہوئے سیاسی کارکن نے کہا 'پاکستان کی جانب سے یہ سب کرنے کی تین وجوہات ہوسکتی ہیں۔
'اول- کورونا وائرس پھیلنے کی وجہ سے پاکستان کا پردہ فاش ہو چکا ہے اور پاکستان کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ہار چکا ہے، اسلیے لوگوں کا دھیان بھٹکانے کے لیے پاکستان کی جانب سے ایل او سی پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کی جارہی ہے'۔
'دوسری وجہ یہ ہے کہ وہ جہادی عسکریت پسندوں کو دراندازی کرانا چاہتے ہیں اور اب انہوں نے (پاکستان) عسکریت پسندوں کو دراندازی کرانے کا فیصلہ کیا ہے جو کورونا وائرس کے مریض ہیں تاکہ وہ جموں و کشمیر کے علاقے میں جاسکیں اور وائرس پھیل سکے'۔
تیسری وجہ کا حوالہ دیتے ہوئے مرزا نے مزید کہا 'پاک فوج گلگٹ بلتستان میں اپنے فوجیوں کی بڑے پیمانے پر تعیناتی کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے'۔
امجد نے کہا 'اس بڑے پیمانے پر تعیناتی کی ایک اور وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے کہ پاکستان کارگل اور گلگٹ بلتستان کی سرحد پر ایک نیا محاذ کھولنے کا منصوبہ بنا رہا ہے تاکہ مستقبل میں عسکریت پسندوں کو وہاں سے گھسایا جا سکے'۔
امجد ایوب مرزا نے مزید کہا 'پاک فوج کو خود ہی شرم آنی چاہئے کہ اس وقت جب پوری دنیا مہلک بیاری کے خلاف لڑنے کے لئے متحد کھڑی ہے، اور وہ کیا کر رہی ہے'۔