دہلی کے تبلیغی جماعت کے مرکز نظام الدین سے آنے والے چوتھے شخص کی اوڈیشہ حکام نے شناخت کرتے ہوئے اسے علیحدہ کر دیا ہے۔ یہ ریاست کا چوتھا شخص ہے جسے اجتماع سے واپس آنے کے بعد علیحدہ کردیا گیا ہے۔
کیندر پارا کے ضلع کلکٹر سمرتھ ورما نے کہا کہ اس شخص کو منگل کی رات اس کے گھر پہنچنے کے بعد سے حراست میں لے کر ہسپتال کے علیحدہ وارڈ میں داخل کیا گیا ہے کیونکہ یہ کورونا وائرس کے شدید خطرہ والے زمرہ میں شمار کیا جاتا ہے جبکہ اس شخص کے گھر والوں کو ہوم کورنٹائن کے تحت گھر پر نظر بند رکھا گیا ہے۔
ورما نے کہا کہ اگر اس شخص میں کوئی بھی مثبت علامت پائی گئی تو اس کے خون کے نمونے کو کووڈ 19 ٹیسٹ کے لیے بھیجا جائے گا اور جو کوئی بھی اس شخص سے ملا ہے، اس کا پتہ لگایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اس بات کا پتہ چلانے میں مصروف ہے کہ کتنے افراد نے نظام الدین تبلیغی اجتماع میں شرکت کی تھی۔ ریاستی حکومت نے تاحال چار افراد کو احتیاطی اقدام کے تحت علیحدہ کردیا ہے جو نظام الدین کے تبلیغی اجتماع میں شریک ہوئے تھے۔
ریاستی حکومت کے کورونا وائرس کے ترجمان سبرتو بگاچی نے کہا کہ انتظامیہ اس بات کا پتہ چلانے کی کوشش کر رہا ہے کہ مارچ کے شروع میں کن افراد نے اس اجتماع میں شرکت کی ہے۔ ایک عہدیدار نے کہا کہ نظام الدین سے آئے ہوئے تمام افراد کے خون کے نمونے کووڈ 19 کے ٹیسٹ کے لیے بھیجے جائیں گے ۔
ریاست تلنگانہ میں 6 اور جموں و کشمیر میں ایک شخص جس نے اس اجتماع میں شرکت کی تھی کورونا وائرس کے سبب ہلاک ہوگئے۔ اس کے علاوہ 20 افراد جنہوں نے اس اجتماع میں شرکت کی تھی کورونا سے مثبت پائے گئے۔