چیف جسٹس ایس اے بوبڈے، جسٹس بی آر گوئی اور جسٹس سوریہ کانت پر مشتمل ڈویژن بینچ نے صحافی ساکیت گوکھلے کی درخواست پر سماعت سے اتفاق کیا۔
عدالت نے اس درخواست پر مرکز کو نوٹس جاری کیا اور اس درخواست کو سی اے اے کو چیلنج کرنے والی دیگر درخواستوں کے ساتھ منسلک کیا۔ ان درخواستوں پر اسی ماہ سماعت ہونی ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں سی اے اے کے خلاف زبردست احتجاج جاری ہے جس میں دہلی کا شاہین باغ ، اتر پردیش کے علی گڑھ کے علاوہ ملک کی کئی ریاستوں میں احتجاج جاری ہے۔
حکومت نے لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں بل پاس کرتے ہوئے سابق شہریت قانون میں ترمیم کرتے ہوئے پاکستان ، افغانستان ، بنگلہ دیش سے آنے والے چھ مذہب کے لوگوں کو مذہب کی بنیاد پر شہریت دینے کا اعلان کیا تھا جس میں مسلمان شامل نہیں ہیں۔
اس قانون پر ملک کے دانشور طبقہ ، سماجی کارکنان ، صحافیوں کے علاوہ وکیلوں نے بھی اعتراض کیا اور کہا کہ مذہب کی بنیاد پر کسی کو شہریت نہیں دی جانی چاہئے۔