عام طور پر سپریم کورٹ میں ہفتے کے روز اور اتوار کو چھٹی ہوتی ہے۔
ایودھیا تنازعہ کی آج ہونے والی 37ویں دن کی سماعت کے دوران چیف جسٹس آف انڈیا رنجن گوگوئی نے واضح کیا کہ ہفتے کے روز متوقع سماعت نہیں ہوگی۔ اب اس مقدمے کی سماعت 14 اکتوبر کو ہوگی کیونکہ دسہرہ کی وجہ سے عدالت عظمیٰ میں پورے ہفتے کی چھٹی ہے۔
مسلم فریق کے وکیل ڈاکٹر راجیودھون نے کہا کہ وہ آج پورا دن لیں گے۔ بعدازاں کل اگر سپریم کورٹ بیٹھتی ہے تو وہ کل تقریباً ایک گھنٹے کا مزید وقت لیں گے۔ اس کے بعد باقی ساتھی دلیل دیں گے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت عظمیٰ کل نہیں بیٹھے گی۔ اس کے بعد اب 14 اکتوبر کو سماعت ہوگی۔ مسٹر دھون نے کہا، 'ٹھیک ہے کہ ہم 14اکتوبر کو اپنے دلائل مکمل کر لیں گے۔ ہم اس سے زیادہ وقت نہیں لیں گے۔ مسٹر دھون نے اس کیس کے تعلق سے مسلم فریق کی جانب سے دلائل رکھنے شروع کردیے ہیں'۔
واضح رہے کہ ایودھیا تنازعہ کی سماعت کرنے والی پانچ رکنی آئینی بنچ میں چیف جسٹس آف انڈیا سمیت جسٹس ایس اے بوبڈے، جسٹس ڈی وائی چندرچوڈ، جسٹس اشوک بھوشن اورجسٹس ایس عبدالنذید شامل ہیں۔