مسٹر اسٹولٹن برگ نے ہفتہ کو ٹوئٹ کرکے کہا عید کے موقع پر تین دن کی جنگ بندی پرافغانستان حکومت اور طالبان کے بیانات کا میں خیر مقدم کرتا ہوں۔ تمام فریقوں کو امن کے لئے اس موقع کا فائدہ اٹھانا چاہئے۔
ناٹو افغانستان کی طویل مدتی سلامتی کے لئے مصروف عمل ہے اس دوران امریکہ کے خصوصی نمائندے خیل زاد نے کہا کہ امن کے لئے اس موقع کو نہیں گنوانا چاہئے۔ امریکہ اس میں مدد کرے گا۔
مسٹر خلیل زاد نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ دیگر مثبت اقدامات پر فوری طور پر عمل کرنا چاہئے، مثلا دونوں پارٹیوں کی جانب سے امریکہ طالبان کے معاہدے کے تناظر میں باقی قیدیوں کی رہائی، تشدد میں کمی لانا، اور انٹر-افغان مذاکرات کے آغاز کے لئے ایک نئی تاریخ رکھنی چاہئے۔
انہوں نے کہا یہ قدم امن عمل میں تیزی لانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ دہشت گرد تنظیم طالبان نے ہفتہ کو عید الفطر کے موقع پر افغانستان میں تین دن کی جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔
افغانستان کے صدر اشرف غنی نے جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت امن کی پیشکش میں توسیع کر رہی ہے اور انہوں نے افغان قومی دفاع سیکورٹی فورسز کو اتوار کو مؤثر ہونے والے اس جنگ بندی پر عمل کرنے کا حکم دیا ہے۔