عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ ۔19) کا قہر تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور اب تک 1.87 کروڑ سے زائد افراد اس سے متاثر ہوئے ہیں اور سات لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
کووڈ 19 کے کیسز کے معاملے میں امریکہ دنیا میں پہلے، برازیل دوسرے اور بھارت تیسرے مقام پر ہے۔ وہیں اس وبا سے ہوئی ہلاکتوں کی تعداد کے معاملے میں امریکہ پہلے، برازیل دوسرے، میکسیکو تیسرے اور برطانیہ چوتھے مقام پر ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد کے معاملے میں بھارت پانچویں مقام پر ہے۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹر برائے سائنس اور انجینئرنگ ( سی ایس ایس ای ) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس سے دنیا بھر میں 18،738،350 افراد متاثرہوئے ہیں اور 706،342 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
دنیا میں عالمی طاقت تصور کئے جانے والے امریکہ میں اب تک 4،821،296 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 158،170 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ برازیل میں اب تک 2،859،073 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ 97،256 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔