مودی نے ریڈیو پر نشر ہونے والے پروگرام 'من کی بات' میں ڈاکٹروں، نرسوں اور کورونا وائرس انفیکشن سے نجات پا چکے لوگوں سے بات چیت کرکے ملک کے باشندوں کو پیغام دیا کہ یہ ایک جنگ جیسی صورتحال ہے اور اسے روکنے کے لیے جو کوششیں کی جارہی ہیں وہی ہندوستان کو اس وبا پر جیت دلائیں گی۔
مودی نے ملک میں 21 دن کے لاک ڈاؤن کی وجہ سے غریبوں اور محروم طبقے کے لوگوں کو درپیش مشکلات کے لیے معافی مانگی اور کہا کہ یہ زندگی اور موت کی جنگ ہے اور کورونا کو ہرانا ہے۔اس کے لیے وقت پر لاک ڈاؤن کا فیصلہ لینے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں تھا اس لیے یہ قدم اٹھانا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے میں تمام ملک کے باشنددں سے معذرت چاہتا ہوں اور میری آتما کہتی ہے کہ آپ مجھے ضرور معاف کریں گے کیونکہ کچھ ایسے فیصلے کرنے پڑے ہیں جس کی وجہ سے آپ کو کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کورونا کے خلاف یہ جنگ غیر معمولی بھی ہے اور چیلنج بھری بھی لہذا اس دوران کیے جارہے فیصلے بھی ایسے ہیں جو دنیا کی تاریخ میں کبھی دیکھنے اور سننے کو نہیں ملے۔