مہاراشٹر ایوان اسمبلی میں پیش مراعات شکنی نوٹس کی حمایت کر تے ہوئے مہاراشٹر سماجوادی پارٹی رہنما و رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے 'ریپبلک ٹی وی چینل' کے سر براہ و ایڈیٹر ارنب گوسوامی پر جم کر تنقید کی اور کہا کہ' ارنب گوسوامی ہمارے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے کے خلاف توہین آمیز کلمات اداکرتا ہے، اسی چینل پر تبلیغی جماعت کو کرونا جماعت قرار دیا گیا تھا، لیکن ہائی کورٹ نے اپنے مشاہدہ اور فیصلہ میں یہ واضح کیا ہے کہ تبلیغی جماعت کو بلی کا بکرا بنایا گیا تھا۔'
انہوں نے اسی کے ساتھ فلم اداکارہ کنگنا رناوت کی اس بات پر (جس میں اداکارہ نے کہاتھاکہ'میں نے فلم انڈسٹری میں سے اسلامی وجود کو ختم کردیا') کہا کہ' اسے شرم آنی چاہئے، وہ کیا جانتی ہے اسلام کے تعلق سے، اسے اسلام سے متعلق اس قسم کی باتیں کر نے کا کوئی حق نہیں ہے۔ فلم انڈسٹری سے اسلام کا کیا تعلق ہے، اگر وہ یہ کہتی کہ میں نے خان برداران کا دبدبہ ختم کیا ہے تو وہ الگ ہے'۔
انہوں نے کہا کہ' جو اس ممبئی شہر میں روزی روٹی کماتے ہیں اور اب وہی لوگ حکومت اور مہاراشٹر کے خلاف توہین آمیز بیان دے رہے ہیں ایسے لوگوں کو ریاست میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے'۔
کنگنا رناوت اور ارنب گوسوامی کے خلاف ایوان اسمبلی میں ابوعاصم اعظمی نے سخت کارروائی کا مطالبہ ہوئےکہا کہ' ارنب کی جگہ جیل میں ہے، کیونکہ وہ فرقہ پرستی کو فروغ دے رہا ہے، جس تبلیغی جماعت کو اس نے کرونا جماعت قرار دیا وہی تبلیغی جماعت کو بے قصور قرار دیا گیا ہے، عدالت نے یہ تسلیم کیا ہے کہ اسے بلی کا بکرا بنایا گیا تھا' اس لئے ایسے چینلوں کے خلاف کارروائی ضروری ہے، جو جھوٹ پھیلاتے ہیں۔
مزید پڑھیں:
مہاراشٹر: ارنب گوسوامی کے خلاف مراعات شکنی کی تجویز پیش
انہوں نے کہا کہ' ارنب گوسوامی کی بدزبانی اور وزیر اعلی کے خلاف توہین آمیز کلمات کو ہم قطعی برداشت نہیں کریں گے اس لئے اس پر کارروائی کی جائے' اپوزیشن نے اس معاملہ میں ایوان میں ہنگامہ آرائی شروع کر تے ہوئے شور شرابہ بھی کیا، لیکن مراعات شکنی نوٹس کو کمیٹی کے روبرو کارروائی کے لئے بھیجے گا۔