اترپردیش حکومت کی جانب سے 17 اکتوبر سے 25 اکتوبر تک خواتین اور لڑکیوں کو تحفظ فراہم کرنے اور عزت و احترام کے ساتھ خود انحصار بنانے کے لئے خصوصی مشن شکتی مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔
حکومت کے اس مشن شکتی مہم کا افتتاح ضلع کے ڈی ایم کیمپ آفس نوئیڈا سے ایل ای ڈی وین اور تشہیری وین نوئیڈا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی چیف ایگزیکٹو آفیسر اور اس پروگرام کی نوڈل آفیسر نامزد ریتو مہیشوری اور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سہاس ایل وائی نے کیا۔
پروموشنل وین کے ذریعہ ضلع میں خواتین اور لڑکیوں کے لئے حکومت اترپردیش کے ذریعہ چلائی جارہی اہم اسکیموں کا ضلع کے مختلف علاقوں میں وسیع تر تشہیر کو یقینی بنایاجائے گا۔
اس موقع پر نوڈل آفیسر ریتو مہیشوری نے صحافیوں کو بتایا کہ خواتین اور لڑکیوں کو تحفظ فراہم کرنے،عزت کرنے اور انہیں خود انحصار بنانے کے مقصد کے حصول کے لئے حکومت نے مشن شکتی مہم کا انعقاد کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کی کامیابی میں میڈیا کا بھی ایک اہم کردار ہے۔ لہذا تمام میڈیا مشن شکتی کی مہم کے تحت منعقدہ پروگرام کو نمایاں طور پر نشر کریں، تبھی ضلع کی خواتین اور لڑکیوں کو حکومت کے اس پروگرام کا پورا فائدہ حاصل ہوگا۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سہاس ایل وائی نے کہا کہ ان کا ورک پلان مشن شکتی کے تحت متعلقہ محکمہ جاتی افسران نے تیار کیا ہے ، جس کے مطابق اس موقع پر ضلع میں پروگرام منعقد کیے جائیں گے ، چیف ڈویلپمنٹ آفیسر انیل کمار سنگھ ، پروجیکٹ ڈائریکٹر پی این سریواستو ، ڈسٹرکٹ پروبیشن آفیسر اتل کمار سونی ، ضلع پنچایت راج آفیسر کنور سنگھ یادو ، ڈسٹرکٹ پروگرام آفیسر پونم تیواری ، ڈسٹرکٹ بیسک ایجوکیشن آفیسر دھریندر کمار اور دیگر متعلقہ عہدیدار موجود تھے۔