سماج وادی پارٹی کے رہنما و گوونڈی کے رکن اسمبلی ابو عاظم اعظمی نے اس معاملے میں کہا ہے کہ ' ضمنی انتخابات میں ایسے لوگوں کا نام جان بوجھ کر حذف کیا گیا ہے جو اسمبلی انتخابات میں ووٹر تھے، یہ مسلمانوں کو ووٹنگ کے حق سے محروم کرنے کے مترادف ہے، اس لیے متعلقہ افسر پر کارروائی کی جانی چاہیے جس نے ان ووٹروں کے نام حذف کیے ہیں۔
ابو عاصم اعظمی کا مزید کہنا ہے کہ گوونڈی میں کارپوریشن کے ضمنی انتخاب میں ووٹرس کے نام حذف کیے جانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے کیونکہ اس کا براہ راست تعلق بی جے پی سے ہی ہے، کیونکہ مسلم اکثریتی علاقہ میں مسلمانوں کو ہی ووٹنگ سے محروم کر نے کے لیے ان کے ناموں کو ووٹنگ لسٹ سے حذف کیا گیا ہے۔
اعظمی کا الزام ہے کہ 'جن ووٹروں کے نام حذف کیے گئے ہیں لسٹ پر رسید رکھ کر زیروکس نکال کر ان کا نام غائب کیا گیا ہے'۔
انہوں نے بتایا کہ اسمبلی الیکشن میں ان سب کے نام موجود تھے لیکن اب کارپوریشن کے الیکشن کے لیے ناموں کو حذف کیا گیا ہے ، بی جے پی یہاں بد عنوانی کر کے انتخاب میں فتح حاصل کر نے کی کوشش کر رہی ہے اور یہ ملک کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔
ابو عاصمم نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے حلقہ انتخاب میں اس قسم کی گڑ بڑی جان بوجھ کر کی گئی ہے۔ اس حلقہ سے ساڑھے چار ہزار ووٹوں کے ناموں کو حذف کیا گیا ہے اور انھوں نے اس سلسلے میں الیکشن کمیشن سے شکایت کی ہے۔
انھوں نے ریٹرننگ افسر کو مکتوب بھی ارسال کیا ہے کہ اگر ووٹنگ لسٹ میں گڑ بڑی کی گئی ہے تو انتخابات کی تاریخوں میں توسیع کی جائے اور اگر اس لسٹ کی بنیاد پر انتخاب کیا جائے گا تو وہ کورٹ کا دروازہ بھی کھٹکھٹائیں گے۔
ووٹنگ لسٹ سے نام حذف کئے جانے کا شکار اکرام قریشی اور دیگر لوگوں نے بتایا کہ انھیں بھی اس کارپوریشن کے ضمنی انتخاب میں ووٹنگ حق سے محروم کر دیا گیا ہے جبکہ اسمبلی الیکشن میں ان لوگوں نے ووٹ دیا ہے اور ان کی انگلی پر سیاہی کے نشان ابھی بھی موجود ہے لیکن اس کے باوجود انہیں ووٹنگ کے حق سے محروم کر دیا گیا ہے۔