سپریم کورٹ نے غیر ملکی تبلیغی جماعت کے اراکین کی جانب سے دائر عرضیوں پر سماعت کرتے ہوئے اس معاملے کو 10 جولائی تک کے لیے ملتوی کر دیا، ساتھ ہی عدالت نے کہا ہے کہ اس ضمن میں انفرادی طور پر حلف نامہ داخل کیا جاسکتا ہے۔
اس کے علاوہ عدالت نے مرکز کو حکم دیا ہے کہ وہ ویزا منسوخ کرنے کے حکم کی کاپیاں سبھی قونصل خانے کو بذریعہ ای میل بھیجیں۔
عرضی گزاروں میں سے ایک کی جانب سے معاملے کی پیروی کررہے وکیل سی یو سنگھ نے جسٹس اے ایم کھانولکر ،جسٹس دنیش مہیشوری اورجسٹس سنجیو کھنہ کی بینچ کے سامنے دلیل دی ہے کہ 900 جماعت کے ارکان کو بلیک لسٹ میں ڈالنے کے لیے صرف جنرل نوٹ جاری کیا گیا ہے۔
تبلیغی جماعت کے پروگرام میں حصہ لینے والے 34 غیر ملکی جماعت کے ارکان کی عرضی پر جمعرات کو سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی، آئندہ سماعت 10 جولائی کو ہوگی۔
گزشتہ سماعت کے دوران عدالت نے مرکزی حکومت کو یہ بتانے کو کہا تھا کہ کیا مرکز کی جانب سے آنے والے کسی شخص کا ویزا منسوخ کرنے کا کوئی حکم جاری کیا گیا ہے یا نہیں۔
جسٹس کھانولکر نے کہا 'لیکن وزارت داخلہ کا نوٹیفکیشن کہتا ہے کہ یہ فیصلہ تو افسروں کو الگ الگ معاملوں کی بنیاد پر لیا جانا ہے، ہمیں یہ پتہ لگانا ہوگا کہ کیا حکم جاری کیا گیا۔'
اس سے پہلے عرضی گزاروں کی جانب سے عدالت میں دعوی کیا گیا کہ ویزا منسوخ کیے جانے یا بلیک لسٹ میں ڈالے جانے کے سلسلے میں حکومت کی جانب سے کوئی سرکاری حکم جاری نہیں کیا گیا ہے، صرف ایک پریس ریلیز جاری ہوئی اور ان کے پاسپورٹ ضبط کرلیے گئے۔