علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) ٹیچنگ اسٹاف کلب میں امروہہ کے رکن پارلیمان دانش علی کو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کورٹ کا رکن بنایا گیا۔
استقبالیہ پروگرام میں پروفیسر عرفان حبیب، اے ایم یو طلبہ یونین کے سابق صدر سلمان امتیاز، سابق وائس چانسلر فاروقی ، پروفیسر رضاء اللہ خان، سابق پرنسپل ذاکر حسین کالج، اعظم میر نائب صدر اولڈ بوائز ایسوسی ایشن، دیگر یونیورسٹی کے پروفیسرز، ملازمین اور طلبہ موجود تھے۔
اس موقع پر رکن پارلیمان دانش علی نے اپنی تقریر میں چمنِ سر سید علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں آنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'تقریبا میرے پورے خاندان نے اس یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی ہے۔ اے ایم یو ایک معروف اور عظیم ادارہ ہے، ہم سب لوگوں کو بانیِ درسگاہ سر سید احمد خاں کے مشن کے مطابق مل جل کر کام کرنا چاہیے اور میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی ہر ضروری آواز کو پارلیمنٹ میں اٹھانے کے ساتھ ہی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی انتظامیہ سے تعاون کرنے کے لیے تیار ہوں'۔
یہ بھی پڑھیں: شہریت ترمیمی بل کی مخالفت بے حد ضروری: عرفان حبیب
بہوجن سماج وادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ کنور دانش علی نے اناؤ جنسی زیادتی معاملے پر کہا کہ ریاست اترپردیش میں جنگل راج چل رہا ہے،یہاں کوئی بھی محفوظ نہیں ہے، اناؤ کے دونوں حادثات سے یہ ثابت ہوگیا ہے کہ ریاست اترپردیش میں امن وامان ختم ہوگیا ہے۔
جنسی زیادتی کے شکار کو زندہ جلا دینے کا واقعہ اس دور میں ہی ممکن ہے ہماری سیاسی جماعت کی سپریمو مایاوتی نے بھی کہا ہے کہ جنسی زیادتی جیسے معاملات میں سخت قانون بننا چاہیے اور اس قانون کا سختی سے عمل بھی ہونا چاہیے۔
شہریت ترمیم بل پر سوال کا جواب دیتے ہوئے کنور دانش نے کہا کہ اس معاملے پر ہماری پارٹی کی سپریمو مایاوتی نے صاف کر دیا ہے کہ یہ جو بل ہے وہ بابا صاحب کے بنائے گئے آئین کے خلاف ہے اس لیے اس کا بہوجن سماج وادی پارٹی راجیہ اور لوک سبھا دونوں میں مخالفت کرے گی۔
دانش علی نے مزید کہا اس وقت ملک کی معاشی حالت پوری طرح سے چرما گئی ہے، اس لیے یہ لوگ ادھر ادھر کی سیاست کر رہے ہیں تاکہ عوام کا دھیان بٹ جائے۔
بے روزگاری نے 45 سال کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں ایس ٹی اور ایس سی ریزرویشن کے سوال پر رکن پارلیمنٹ دانش علی نے کہا کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی ایک اقلیتی ادارہ ہے۔