عراق میں ایک ہی دن میں کورونا کے سب سے زائد 2741 کیسز درج کئے گئے ہیں۔ عراق کے ایک طبی افسر نے اس تعلق سے اطلاع فراہم کی۔
پارلیمانی ہیلتھ کمیٹی کے رکن حسن خلاطی نے بیان جاری کر کے کہا ہے کہ 'اس وبا کے خلاف جنگ ایک طویل عرصے تک جاری رہے گی۔ اس دوران عراق کو اس سے لڑنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کرنا ہوں گے'۔
انہوں نے بتایا کہ 'وزارت صحت نے اسپتالز میں بستروں اور قرنطینہ مراکز کی تعداد میں اضافہ کرکے اچھا کام کیا ہے۔ لیکن وزارت کو زیادہ سے زیادہ طبی سامان مہیا کرنے کی ضرورت ہے'۔
حسن خلاطی نے کہا کہ 'صنعت، داخلہ، دفاع، بجلی اور تیل کی وزارت بھی آئندہ مرحلے میں وزارت صحت کے منصوبے کو لاجسٹک سہولیات فراہم کرسکتی ہے'۔
خالاطی کا بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب ملک کی وزارت صحت نے ایک ہی دن میں کورونا کے سب سے زائد 2741 نئے کیسز کی تصدیق کی ہے۔
ان کیسز کے ساتھ ہی متاثرہ مریضوں کی تعداد 67442 ہوگئی ہے۔
وزارت کے مطابق عراق میں کورونا کی وجہ سے مزید 94 ہلاکتیں ہوئی ہیں اور اب تک اس وبا کی وجہ سے مجموعی 2779 افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
مزید پڑھیں: عراق کی معروف شخصیت ہشام الہاشمی سپرد خاک
وزارت کے مطابق ایک دن میں 1627 مریض صحت یاب ہوئے ہیں اور اس وبا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 37879 ہوگئی ہے۔