کیرالہ اپوزیشن رہنما رمیش چننیتلا نے بی جے پی رہنما مینکا گاندھی کو حاملہ ہاتھی کی موت کے معاملے پر ملاپورم ضلع کے خلاف متنازعہ تبصرے پر نکتہ چینی کی اور معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔
کانگریس رہنما نے کہا ، "آپ کے غیر ذمہ دارانہ بیان نے ایک ضلع اور اس کی عوام کو گالی گلوچ کرتے ہوئے نفرت انگیز تقاریر کو نشر کرنے کی جگہ فراہم کردی ہے۔ اس ضلع کو جرائم کے ایک مرکز کے طور پر پیش کردہ آپ کے بیان کو واپس لیں اور معذرت چاہیں۔"
کانگریس رہنما نے مطالبہ کیا کہ سابق مرکزی وزیر اپنے بیان کو "واپس" لیں اور "اس طرح کے جھوٹے بیان دینے پر معذرت چاہیں"۔
انہوں نے بی جے پی پر اس معاملے پر سیاست کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا ، "براہ کرم نوٹ کریں کہ ہاتھی کی موت ضلع پالکاڈ میں ہوئی ہے۔ آپ کی پارٹی کے کچھ ساتھی یہاں تک من گھڑت خبریں پھیلارہے ہیں کہ یہ دردناک واقعہ وایاناڈ میں ہوا ہے۔ جس کی نمائندگی راہل گاندھی کرتے ہیں۔
اس قسم کے بدقسمت واقعے پر سیاست کرنا اور اس قسم کی کوششیں خود ہی افسوسناک ہیں مگر انہیں کیرالہ کے روشن خیال معاشرے سے کوئی حمایت نہیں ملے گی۔
27 مئی کو ایک ہاتھی کی اس وقت موت ہوگئی تھی جب اس نے پٹاخوں سے بھرے انناس کو کھایا تھا اور جنگل کے عہدیداروں نے بتایا تھا کہ اس کے نچلے جبڑے میں چوٹ لگنے کے بعد دریائے ویلیار میں کھڑے اس کی موت ہوگئی۔
ہاتھی اپنے منہ میں بارود سے بھرا ہوا پھل پھٹنے کے بعد درد سے کچھ راحت حاصل کرنے کے لیے اپنے منہ کو پانی میں ڈال کر ندی میں کھڑا دیکھا گیا تھا۔