دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا کہ عدالت میں جنسی زیادتی کے کئی معاملے زیر التوا ہیں اور ایسے معاملوں میں تیزی سے فیصلہ لینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے جنسی زیادتی کے مجرمین کو چھ مہینے کے اندر موت کی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔
خواتین تحفظ کے مدعے پر دہلی اسمبلی میں بحث کے دوران کیجریوال نے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا سے کہا کہ وہ دیکھیں کہ کیا خواتین کے خلاف ہونے والے جرائم کے بارے میں طلبہ کو حساس بنانے کے لیے اسکولوں میں کورس لائے جانے کی ضرورت ہے؟۔
کیجریوال نے کہا 'ہمیں آپ کے (شاہ) تعاون اور مدد کی ضرورت ہے، ہمیں ساتھ آنا چاہیے اور دہلی کو ایک محفوظ مقام بنانا چاہیے'۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خواتین کے خلاف جرائم میں اضافہ درج کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مدعے پر کوئی سیاست نہیں ہونی چاہیے، چاہے وہ دہلی حکومت ہو یا مرکزی حکومت یا عدالت ہو، سبھی کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اپنی جانب سے عآپ حکومت قومی خطہ راجدھانی دہلی میں خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے قدم اٹھارہی ہے۔