ریاست جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ کے شاہ پور اور کرنی علاقے میں پاکستانی فوج نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فائرنگ کی ۔
دریں اثنا ایل او سی پر فائرنگ کے پیش نظر ضلع پونچھ کے متعدد سرحدی علاقوں میں پیر کے روز تعلیمی ادارے بند کردیئے گئے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ فائرنگ کے پیش نظر ضلع پونچھ کے مختلف سرحدی علاقوں بشمول شاہپور، ماندھار، کرنی اور قصبہ میں ضلع مجسٹریٹ کے احکامات پر تعلیمی ادارے بند کیے گئے۔
ضلع مجسٹریٹ پونچھ کی طرف سے جاری حکم نامے میں کہا گہا تھا کہ 'آرپار کی گولہ باری کے پیش نظر شاہپور، ماندھار اور قصبہ کے کچھ حصوں بشمول ہائز سیکنڈری اسلام آباد پیر کے روز بند رہیں گے'۔
ایک دفاعی ترجمان نے بتایا کہ پونچھ ضلع میں لائن آف کنٹرول پر شاہپور اور کرنی علاقوں میں پیر کی صبح قریب پونے آٹھ بجے پاکستانی فوج نے چھوٹے اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کرکے گولہ باری اور فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک عام شہری زخمی ہوگیا۔
پولیس کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ طرفین کے درمیان گولہ باری کے نتیجے میں ایک عام شہری زخمی ہوا ہے جس کی شناخت محمد شریف کے طورپر ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شریف کو فوری علاج ومعالجے کے لیے ضلع ہسپتال پونچھ منتقل کیا گیا ہے۔
اس دوران ضلع پونچھ کے منکوٹ میں ہند و پاک افواج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ پیر کو مسلسل تیسرے روز بھی جاری رہا۔