اترپردیش کے سابق وزیر اعلی اور بابری مسجد انہدام معاملے میں ملزم کلیان سنگھ نے ایودھیا معاملے میں سپریم کورٹ کی جانب سے دیے گئے فیصلے کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ عدالت عظمی کے اس فیصلے سے سماج کا ہر طبقہ مطمئن ہے۔
رام للا کے درشن کےلیے جلد ہی ایودھیا جانے کا اعلان کرتے ہوئے کلیان سنگھ نے کہا کہ عدالت نے قانون کے عین مطابق ایک پرانے قضیہ کا تصفیہ کردیا۔
رام مندر پرسپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد بی جے پی اپنی سیاسی پکڑ کو کھونے کے دعوے کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کلیان سنگھ نے کہا کہ رام مندر تحریک کبھی بھی سیاسی معاملہ نہیں تھا۔ اسے عقیدےاور کلچر سے جوڑا جاسکتا ہے لیکن اس کا کوئی سیاسی پہلو نہیں تلاشا جاسکتا۔
بابری مسجد انہدام معاملے میں سی بی آئی کی جانب سے ملزم بنائے گئے کلیان سنگھ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا میں رام بھکت ہوں اور اول دن سے ہی رام مندر کی تعمیر کا خواب دیکھ رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ان کی خواہشوں کی تکمیل کی ہے اور جلد ہی ایودھیا میں رام جنم بھومی پر ایک مندر کی تعمیر کی جائےگی۔